نئی دہلی،9؍فروری(ایس او نیوزآئی این ایس انڈیا)بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نے ہندوستانی انتظامی اداروں میں اساتذہ کے انتخاب میں پسماندہ ذات، قبائل اور پسماندہ طبقات کے لئے آئینی تحفظات کا مطالبہ کیا ہے۔ شمال مغربی دہلی سے بی جے پی ایم پی ادتیہ راج نے لوک سبھا میں آرٹیکل 377 کے تحت لوک سبھا میں ہندوستانی انتظامی اداروں میں اساتذہ کی تقرری میں ریزرویشن کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں کابینہ نے آئی آئی ایم بل 2017 کی منظوری دی ہے جو ان اداروں کو زیادہ خود مختاری دینے کی بات کرتا ہے۔ اس میں انہیں قومی اہمیت کا بتایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فروغ انسانی وسائل کے وزیر نے ستمبر 2016 میں وضاحت دی تھی کہ سب کے ساتھ انصاف ہوگا، مجوزہ بل میں واضح نہیں ہے۔ کہا گیا ہے کہ مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ اساتذہ کی تقرری کرتے وقت کوشش کریں کہ معاشرے کے نچلے طبقے کے اساتذہ کا بھی انتخاب ہو سکے۔ ادت راج نے کہا کہ وہ فروغ انسانی وسائل کے وزیر سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ دوسرے مرکزی مالی امدادیافتہ اداروں کی طرح آئی آئی ایم میں بھی اساتذہ کے انتخاب میں ایس سی؍ایس ٹی اور پسماندہ طبقات کے لئے آئینی تحفظات کا انتظام اس بل میں کرنے کے بعد ہی اس کوپاس کرنے کے لئے لوک سبھا میں پیش کریں۔